وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر...

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مظفرآباد شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم

SHARE

مظفرآباد(پی آئی ڈی)16جولائی2020
وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مظفرآباد شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے 52کروڑ14لاکھ 17ہزار روپے کے 4منصوبہ جات کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ ان منصوبہ جات میں قائداعظم برج دومیل انٹر سیکشن، سہیلی سرکار برج انٹر سیکشن، علامہ اقبال برج انٹر سیکشن اور سی ایم ایچ انٹر سیکشن شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے گزشتہ روز وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز، وزیر تعلیم سکولز بیرسٹر افتخار گیلانی کے ہمراہ ان منصوبہ جات کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مشیر حکومت راجہ امداد علی طارق، چیئرمین معائنہ وعملدرآمد کمیشن زاہد امین، سیکرٹری تعمیرات عامہ غلام بشیر مغل، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ اعظم رسول اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایکسئین شاہرات نجم گیلانی نے ان منصوبہ جات کے حوالہ سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال برج انٹر سیکشن پر 11کروڑ 29لاکھ 5ہزار روپے لاگت آئے گی۔ قائداعظم برج انٹر سیکشن پر 12کروڑ 85لاکھ 90ہزار روپے، سہیلی سرکار برج انٹر سیکشن پر 10کروڑ 38لاکھ 20ہزارروپے جبکہ سی ایم ایچ انٹر سیکشن پر 17کروڑ 61لاکھ 2ہزار روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو منصوبہ جات کے دیگر امور کے حوالہ سے بھی تفصیلی بریفنگ دی جس پر وزیر اعظم نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یہ تمام منصوبہ جات عوامی فلاحی منصوبہ جات ہیں جنکے لیے فنڈز بجٹ میں مختص کر دئیے گئے ہیں۔ان منصوبہ جات کی تکمیل سے ایک طرف شہر کے اندر ٹریفک کے دباؤ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی جبکہ دوسری جانب شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبہ جات کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ جلد از جلد منصوبہ جات کو مکمل کیا جاسکے اور شہر کے اندر ٹریفک کے مسائل کا تدارک ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبہ جات کے لیے فنڈز میں کمی نہیں ہونے دیں گے محکمہ جلد از جلد ان پر کام شروع کروائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام سے کیے گئے تقریباًتما م وعدے پورے کیے ہیں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ بھی عوام کی عدالت میں پیش ہونگے۔